
ویب ڈیسک: شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 19 مئی کو پیش آنے والے افسوسناک واقعے سے متعلق آئی ایس پی آرنے وضاحت جاری کر دی ہے، جس میں بعض حلقوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے سوشل میڈیا اور بعض پلیٹ فارمز پر پاک فوج کے خلاف بدنیتی پر مبنی منفی مہم چلائی جا رہی ہے، جس کا مقصد عوام اور افواجِ پاکستان کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعے کی منصوبہ بندی اور کارروائی فتنہ الخوارج نے کی، جنہیں بھارت کی سرپرستی حاصل ہے۔ یہ دہشت گرد گروہ شہری آبادی کو انسانی ڈھال بنا کر سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے ہیں تاکہ عوامی ہمدردی حاصل کی جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے بھارتی ایما پر کام کرنے والے عناصر عوام اور فوج میں تفریق ڈالنا چاہتے ہیں،پاک فوج دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے،واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


















