
ویب ڈیسک: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا سچا اور کھرا اتحادی ملک ہے، اور پاک ترک دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔
استنبول میں بحری پلیٹ فارمز کی خدمت میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ “آج ہم خیبر جہاز کو پاکستان کے حوالے کر رہے ہیں، جو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور پاکستان کی بحریہ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔”
صدر اردوان نے مزید کہا کہ ” پاکستان اور ترکیہ کی دوستی ہمیشہ ترقی کرے گی اور مزید مضبوط ہوگی۔” انہوں نے ترکیہ کی دفاعی صنعت کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ترکیہ ان دس ممالک میں شامل ہے جو اپنے جنگی بحری جہاز خود تیار کرتے ہیں۔” اردوان نے 2028 تک دفاعی اور ہوابازی کی برآمدات میں 11 ارب ڈالر تک پہنچنے کا ہدف بھی مقرر کیا۔
صدر ترکیہ نے اس موقع پر پاکستان سے آئے اعلیٰ سطحی وفد کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ “آج کا دن استنبول کے لیے دفاعی صنعت میں ایک تاریخی لمحہ ہے، اور یہ ہمارے لئے فخر کا مقام ہے کہ ترکیہ دنیا کی دفاعی صنعت میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔”


















