
دمبولا :پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹی 20 انٹرنیشنل آج دمبولا میں کھیلا جائے گا، جہاں گرین شرٹس آئی لینڈرز پر فیصلہ کن وار کے لیے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹ سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں برتری حاصل کر لی تھی، اور اب گرین شرٹس کی نگاہیں ایک میچ قبل ہی سیریز جیتنے پر مرکوز ہیں۔
دوسرے میچ میں پاکستان کے اسپنرز ایک بار پھر توجہ کا مرکز ہوں گے، جبکہ ٹاپ آرڈر بیٹرز سے بھی اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔ پہلے میچ میں اسپنرز نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جس میں شاداب خان نے 25 رنز کے عوض 2 وکٹیں اور ابرار احمد نے 25 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے سری لنکا کی رسٹ اسپنرز کے خلاف اپنی حکمت عملی پہلے سے تیار رکھی تھی۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ٹیم کی پہلے میچ میں کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ فیلڈنگ میں کچھ خامیاں تھیں، مجموعی طور پر ٹیم نے زبردست پرفارم کیا۔ اسپنرز اور آل راؤنڈرز جیسے شاداب خان اور محمد نواز کی موجودگی سے ٹیم کو مختلف بولنگ آپشنز ملتے ہیں۔
بیٹنگ یونٹ کی بھی تعریف کرتے ہوئے ہیسن نے بابر اعظم کی خدمات سراہیں، جنہوں نے بیٹنگ گروپ میں توازن قائم رکھا اور اسٹروک پلیئرز کو جوڑ کر رکھا۔ پاکستان ٹیم نے جمعرات کو پریکٹس کے بجائے آرام کو ترجیح دی۔


















