
اسلام آباد: ملک میں بجلی کی فراہمی اور خرید و فروخت کے لیے آزاد مارکیٹ نظام نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے آزاد سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کو باقاعدہ لائسنس جاری کر دیا ہے۔
نیپرا نے یہ اہم قدم اٹھاتے ہوئے سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) کا لائسنس آزاد مارکیٹ آپریٹر کو منتقل کر دیا ہے، جس کے بعد ملک میں بجلی کے شعبے میں شفاف اور مسابقتی مارکیٹ کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔
نئے نظام کے تحت بجلی کے صارفین کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ روایتی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے بجائے مختلف سپلائرز سے براہ راست بجلی خرید سکیں۔ اس تبدیلی سے حکومت کا واحد خریدار کا کردار ختم ہو جائے گا اور بجلی کی منڈی ایک ملٹی پلیئر ماڈل میں تبدیل ہو جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، آزاد مارکیٹ آپریٹر کا آغاز تین ڈائریکٹرز کے ساتھ کیا گیا ہے، جبکہ مستقبل میں اس تعداد کو 11 یا اس سے زائد کر دیا جائے گا۔ ایڈیشنل سیکریٹری پاور ڈویژن سید زکریا علی شاہ کو ادارے کا پہلا چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) مقرر کیا گیا ہے۔
دیگر ڈائریکٹرز میں سیکریٹری پاور محمد فخر عالم اور جوائنٹ سیکریٹری خزانہ سجاد حیدر شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس پیش رفت کا آغاز اس وقت ہوا جب وفاقی کابینہ نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (NTDC) کو تین مختلف اداروں میں تقسیم کرنے کی منظوری دی تھی، جن میں سے ایک ادارہ اب “آزاد سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر” کے نام سے فعال ہو چکا ہے۔


















