
اسلام آباد: پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے درمیان تین اہم ترقیاتی منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ یہ معاہدے ملک میں انفراسٹرکچر، پبلک ٹرانسپورٹ اور پانی کے وسائل کے شعبوں میں بہتری کے لئے کیے گئے ہیں۔
ایم ایل ون کراچی روہڑی سیکشن کے لیے 10 ملین ڈالر کی پراجیکٹ ریڈینیس فنانسنگ اور کوئٹہ بس ریپڈ ٹرانزٹ کے لیے 3.8 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر منصوبے کے لیے 48 ملین ڈالر کی اضافی فنانسنگ بھی منظور کی گئی ہے۔
معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد کریم اور سیکرٹری ریلوے مظہر علی شاہ نے دستخط کیے، جب کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے ان معاہدوں کی توثیق کی۔
سیکرٹری اقتصادی امور نے ایشیائی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بینک کا تعاون پاکستان کی ترقی کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔
کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے حکومت پاکستان کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بینک پاکستان کے ساتھ اپنے تعاون کو جاری رکھے گا اور ان منصوبوں سے ملک میں انفراسٹرکچر، پانی کے وسائل کے انتظام اور شہری ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں بہتری آئے گی۔
یہ معاہدے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت، مالی استحکام اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہم پیشرفت سمجھے جا رہے ہیں۔


















