
ویب ڈیسک:وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاسپورٹس میں جعلسازی کی روک تھام کیلئے نئے سکیورٹی فیچرز متعارف کرائے جائیں گے، بیجنگ پبلک سیکورٹی پاسپورٹ بیورو کے دورے کےوزیر داخلہ کا ڈائریکٹر جنرل ِSUN YU نے استقبال کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کے دورے کے دوران ایگزٹ اینڈ انٹری ایڈمنسٹریشن بیورو کے مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاسپورٹ بنانے کے مکمل عمل کا مشاہدہ کیا، جس میں درخواست جمع کروانے، تصدیق، پرنٹنگ اور حتمی اجرا کے تمام مراحل شامل تھے۔
وزیر داخلہ نے بیورو کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور چین کے پاسپورٹ اور امیگریشن پالیسی اور درخواست سے طباعت تک پاسپورٹ کے اجراء کے تمام مراحل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔
وزیر داخلہ نے چین کے داخلہ و خارجہ نظام کی کارکردگی، تیز رفتاری اور مؤثر انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ جدید طرزِ حکمرانی کی بہترین مثال ہے، ان کا کہنا تھا کہ چین نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پاسپورٹ اور امیگریشن سسٹم کو نہایت محفوظ اور آسان بنا دیا ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان میں بھی تیز رفتار اور محفوظ پاسپورٹ و امیگریشن نظام پہلے سے موجود ہے، جسے اب مزید بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ اسے عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا جدید ایگزٹ اینڈ انٹری کنٹرول سسٹم بیجنگ ماڈل کی طرز پر تیار کیا جا رہا ہے، جس میں جدید ٹیکنالوجی، بہتر سیکیورٹی فیچرز اور درخواستوں کے آسان و مختصر پراسیس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق اس نظام کے مکمل ہونے کے بعد شہریوں کو پاسپورٹ اور امیگریشن سے متعلق سہولیات پہلے سے کہیں زیادہ آسان، محفوظ اور تیز رفتار انداز میں میسر ہوں گی، جس سے عوام کو ریلیف ملے گا اور اداروں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔
Source link


















