
کینڈی: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان نے سری لنکا کو محض 5 رنز سے شکست دے دی، تاہم سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکا اور ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا۔
میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے۔ اس کارکردگی کی بنیاد صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان کی شاندار اننگز تھیں۔ فرحان نے 100 رنز اور فخر زمان نے 84 رنز کی اننگز کھیلی، جن کے درمیان 176 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت قائم ہوئی۔ باقی بلے بازوں میں کوئی بھی ڈبل فگر تک نہ پہنچ سکا، خواجہ نافع 2، شاداب خان 7، جبکہ محمد نواز اور سلمان آغا صفر پر آؤٹ ہوئے۔
یہ صاحبزادہ فرحان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی دوسری سنچری تھی، جس کے بعد وہ اس ایڈیشن میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔
سری لنکا کے خلاف اہم میچ کے لیے پاکستان نے بابر اعظم، صائم ایوب اور سلمان مرزا کو ٹیم سے ڈراپ کیا، جبکہ نسیم شاہ، خواجہ نافع اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے سری لنکا کو 147 یا اس سے کم رنز پر آؤٹ کرنا تھا، مگر سری لنکا نے 207 رنز بنا کر پاکستان کے ارادوں کو ناکام بنایا۔ اس کے نتیجے میں نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کی وجہ سے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
اس گروپ سے انگلینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے، جبکہ سری لنکا کی امیدیں ختم ہو گئی ہیں۔


















