
کیلیفورنیا : ٹک ٹاک نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر “نیئر بائی فیڈ” متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے ارد گرد کی مقامی جگہوں اور مواد کے بارے میں جان سکیں گے۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کو اپنے قریب موجود نئی جگہوں اور ایونٹس کو دریافت کرنے میں مدد دینا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ نیئر بائی فیڈ کو سب سے پہلے برطانیہ، فرانس، اٹلی اور جرمنی میں متعارف کرایا گیا ہے۔ اس فیچر کی آزمائش 2022 میں جنوب مشرقی ایشیا میں کی گئی تھی، لیکن اس پر کام روک دیا گیا تھا۔ اب اسے محدود ممالک میں دوبارہ متعارف کرایا گیا ہے۔
نیئر بائی فیڈ میں صارفین کو ان کی لوکیشن، مواد کے موضوع اور پوسٹ ہونے کے وقت کے مطابق مختلف مقامی مواد دکھائے جائیں گے۔ مثال کے طور پر، صارفین مقامی سیاحت، ایونٹس یا فوڈ سے متعلق ویڈیوز دیکھ سکیں گے۔ اس فیچر سے ویڈیوز پوسٹ کرنے والوں کو اپنے شہر یا خطے کے صارفین تک رسائی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
ٹک ٹاک نے بتایا کہ لوکیشن شیئر کرنا اختیاری ہوگا، اور یہ فیچر صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہوگا۔ اگر صارف اپنی لوکیشن کو ان ایبل کرتا ہے تو ٹک ٹاک اس کی جی پی ایس لوکیشن کے مطابق مقامی مواد دکھائے گا۔
کمپنی کے مطابق، 18 سال سے کم عمر کے صارفین کے اکاؤنٹس کو نیئر بائی فیڈ میں مواد نظر نہیں آئے گا، اور اگر کسی کا اکاؤنٹ پرائیویٹ یا “فرینڈز” یا “اونلی یو” پر سیٹ کیا گیا ہو، تو بھی اس فیڈ میں ویڈیوز نظر نہیں آئیں گی۔
اگر کوئی صارف کسی دوسرے شہر یا خطے کا نیئر بائی مواد دیکھنا چاہے گا، تو وہ اپنی لوکیشن سیٹنگز میں جاکر اپنی لوکیشن تبدیل کر سکتا ہے۔اب تک یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر کب تک دنیا بھر کے تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔


















