اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی، ازبک اور آذربائیجانی وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر اہم بات چیت کی ہے، جس میں دو طرفہ تعلقات، بین الاقوامی تعاون اور علاقائی ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ٹیلیفون پر بات کی، جس میں سلامتی کونسل سمیت مختلف عالمی فورمز پر تعاون بڑھانے اور اقوام متحدہ کے آئندہ اجلاس کے موقع پر ملاقات پر اتفاق کیا گیا۔
اس کے علاوہ اسحاق ڈار نے ازبک وزیر خارجہ سیدوف بختیار سے گفتگو میں افغانستان، ازبکستان اور پاکستان کے درمیان مجوزہ ریلوے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس منصوبے کو علاقائی تجارت اور رابطے کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا اور جلد معاہدے پر دستخط کی تقریب کے طریقہ کار پر بات چیت کی۔
تیسری گفتگو آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بایراموف سے ہوئی، جس میں اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کو دی گئی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے آئندہ سال جولائی میں آذربائیجان میں ہونے والے ای سی او سربراہی اجلاس کی تیاریوں پر تفصیلی بات چیت کی۔