وزیر اعلی سندھ  نے آئندہ مالی سال  کیلئے3.056 ٹریلین روپے کا بجٹ پیش کردیا

وزیر اعلی سندھ  نے آئندہ مالی سال  کیلئے3.056 ٹریلین روپے کا بجٹ پیش کردیا

(ویب ڈیسک ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئندہ مالی سال 2024-25 کیلئے 3.056 ٹریلین روپے کا بجٹ پیش کردیا۔تنخواہوں میں 22 سے 30 فیصد کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ    959 ارب روپے کے نمایاں ترقیاتی اخراجات کی تجویز اخراجات کا 31 فیصد ہے، متوازن بجٹ بنیادی طور پر سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی اور غریبوں کیلئے سماجی تحفظ پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ  صوبے کی کل متوقع آمدنی 3 ٹریلین روپے ہے،  وفاقی منتقلی 62فیصد اور صوبائی وصولیاں 22فیصد ہیں،  22 ارب روپے کی کرنٹ کیپٹل وصولیاں اور 334 ارب روپے کی غیر ملکی پراجیکٹ امداد ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ   وفاقی گرانٹس PSDP میں 77 ارب ، غیر ملکی گرانٹس 6 ارب اور کیری اوور کیش بیلنس 55 ارب روپے شامل ہیں، 662ارب روپے کی صوبائی وصولیوں میں 350 ارب روپے کی سروسز پر سیلز ٹیکس ہے،  269 ارب روپے کے جی ایس ٹی کے علاوہ ٹیکس اور 42.9 ارب روپے کی صوبائی نان ٹیکس وصولیاں شامل ہیں۔

ان  کا کہنا تھا کہ   63فیصد یعنی 1.9 ٹریلین روپے کرنٹ ریونیو کی طرف جاتا ہے،   6 فیصد یعنی 184 ارب روپے کرنٹ کیپٹل اور باقی31 فیصد یعنی 959 ارب روپے ترقیاتی اخراجات کیلئے مختص ہیں۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ  تنخواہوں کا سب سے بڑا حصہ38فیصد ہے، اس کے بعد گرانٹس 27 فیصد  مختلف پروگراموں کیلئے ہیں، غیر تنخواہ کے اخراجات 21 فیصد میں آپریشنل اخراجات، منتقلی، سود کی ادائیگی اور مرمت شامل ہیں۔

انہوں نے  کہا کہ   ملازمین کی پنشن اور ریٹائرمنٹ کے فوائد موجودہ اخراجات کے بقیہ 14 فیصد ہیں، کرنٹ کیپٹل کے اخراجات میں 42 ارب روپے کی رقم قرضوں  کی ادائیگی کیلئے ہے،  دیگر کی ادائیگی اور سرکاری سرمایہ کاری  کیلئے 142.5 ارب روپے شامل ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ترقیاتی اخراجات  کی مد میں صوبائی اے ڈی پی میں 493 ارب روپے کی فارن پراجیکٹ اسسٹنس کیلئے ہیں،  334 ارب روپے کی فارن پراجیکٹ اسسٹنس کیلئے مختص ہیں،  77 ارب روپے کی PSDP کے ذریعے دیگر وفاقی گرانٹس بھی شامل ہیں، بجٹ میں  55 ارب روپے ڈسٹرکٹ ADP کیلئے مختص کئے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ  سندھ کے صوبائی بجٹ میں سماجی خدمات میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی گئی ہے،   تعلیم کو سب سے زیادہ 519 ارب روپے ملے ہیں جس میں 459 ارب موجودہ آمدنی کے اخراجات کیلئے ہیں، صحت  کیلئے 334 ارب روپے رکھے ہیں جس میں 302 ارب روپے موجودہ اخراجات کیلئے مختص ہیں، لوکل گورنمنٹ 329 ارب روپے کے مجوزہ بجٹ کے ساتھ ٹاپ تھری میں شامل ہے۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ   بجٹ میں بنیادی انفرااسٹرکچر کے اہم شعبوں کیلئے بھی اہم وسائل مختص کیے گئے ہیں، زراعت کیلئے 58 ارب روپے بشمول 32 ارب روپے موجودہ اخراجات مختص ہیں، توانائی کیلئے 77 ارب روپے  سمیت جاری اخراجات کیلئے 62 ارب روپے  مختص ہیں، آبپاشی کیلئے 94 ارب روپے  سمیت موجودہ اخراجات کیلئے 36 ارب روپے  مختص ہیں، ورکس اینڈ سروسز کیلئے 86 ارب روپے اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کیلئے 30 ارب روپے رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  ٹرانسپورٹ  کیلئے 56 ارب  روپے مختص کئے گئے ، ورکس اینڈ سروسز کیلئے 86 ارب روپے مختص کئے ہیں،   ایس جی اینڈ سی ڈی کیلئے 153 ارب روپے رکھے گئے ہیں،   داخلہ  کیلئے 194 ارب روپے شامل ہیں۔

ریلیف کے اقدامات:

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ  سندھ کے صوبائی بجٹ میں سماجی و معاشی بہبود کو ترجیح دی گئی ہے،   تنخواہ میں 22-30 فیصد اضافہ اور پنشن میں 15 فیصد اضافے کا مقصد مالی تحفظ کو تقویت دینا ہے، کم از کم اجرت میں 37,000 روپے تک اضافے کی تجویز ہے۔

انہوں نے کہا کہ  34.9 ارب روپے کی ایک اہم رقم غریبوں کی مدد کیلئے مختص کی جارہی ہے، بجٹ میں شہریوں پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے 116 ارب روپے سبسڈیز پروگرام شامل ہیں،  محفوظ پناہ گاہ کو فروغ دینے کیلئے ہاؤسنگ اسکیموں کیلئے 25 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔

نئے اقدامات:

مراد علی شاہ نے کہا کہ  سندھ کا صوبائی بجٹ اپنی توجہ فوری امدادی اقدامات پر مرکوز  کررہا ہے،  کئی نئے اقدامات صوبے کی معیشت کی ترقی و سماجی بہبود  کیلئے اٹھائے گئے ہیں،  12 ملین کسانوں کو مالی مدد فراہم کرنے کیلئے  8 ارب روپے مختص  کئے جارہے ہیں،   ملیر ایکسپریس کورنگی میں ایک انکلیوو کمپلیکس بنانے کیلئے 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  اس کمپلیکس میں تعلیم، بحالی، تربیت، رہائش، طبی خدمات، تفریح اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، پولیس میں پہلی بار 485 پولیس اسٹیشن کے لیے مخصوص بجٹ مختص کیا گیا ہے،  سولرائزیشن انیشیٹو کیلئے  پانچ سالوں میں 5 ارب  روپے مختص کیے جائیں گے ،   کراچی کو پانی فراہم کرنے کیلئے حب کینال جیسی ایک نئی نہر کی تعمیر پر 5 ارب روپے مختص کیےگئے ہیں،  سندھ میں مزدوروں  کیلئے مزدور کارڈ کے تحت  5 ارب روپے مختص کئے جارہے ہیں۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ   بجٹ میں زراعت کیلئے 11 ارب روپے رکھے گئے ہیں،  سماجی تحفظ کیلئے 12 ارب روپے، یونیورسٹیز اینڈ بورڈ کیلئے 3.2 ارب روپے مختص ہیں،   ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ کیلئے 2 ارب روپے اور ڈی ای پی ڈی کیلئے 1.5 ارب روپے مختص ہیں۔

امدادی گرانٹس:

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے  کہا کہ سندھ بجٹ میں تعلیم و صحت کیلئے اہم گرانٹس کے ذریعے سرمایہ کاری کو ترجیح دی گئی ہے، بڑی گرانٹس کی کل رقم 190 ارب روپے بنتی ہے، گرانٹس کی مد میں 35 ارب روپے سندھ بھر کی یونیورسٹیوں کیلئے مختص کیے گئے ہیں، فنڈنگ کا مقصد تعلیمی اداروں کو مضبوط کرنا اور صحت کی معیاری خدمات تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔

Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *