
(ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ کمپنی فچ کی جانب سے پاکستان کی معاشی ریٹنگ میں بہتری کا خیر مقدم کیا ہے۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ فچ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کا ٹرپل سی پلس سے بی مائنس پر آنا انتہائی خوش آئند ہے، فچ نے پاکستانی معیشت کو مستحکم قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی اداروں کی جانب سے پاکستانی معیشت کی ریٹنگ میں بہتری معاشی ترقی اور اقوام عالم کے پاکستانی معیشت میں اعتماد کا مظہر ہے، ملکی معیشت میں مزید بہتری کے لیے حکومت پاکستان انتھک محنت کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا فچ ریٹنگز کیجانب سے پاکستان کی ریٹنگ اپ گریڈ کرنے کا خیر مقدم:
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فچ ریٹنگز کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ کو ٹرپل سی پلس سے بی مائنس کرنا ہماری معاشی اصلاحات اور پالیسیوں پر اعتماد کا بھرپور اظہار ہے، فچ ریٹنگز نے تین سال کے طویل عرصہ کے بعد پاکستان کی ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا ہے اور ہمارے معاشی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ فچ ریٹنگز کے اقدامات سے حکومت کے معاشی ایجنڈے کو مزید تقویت ملے گی، اس پیش رفت کے بعد ملک میں مزید سرمایہ کاری، تجارت، روزگار کے مواقع میں اضافے، صنعتی ترقی اور اضافی مالی وسائل دستیاب ہوں گے، حکومت معاشی اصلاحات اور معاشی استحکام کا سفر جاری رکھے گی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں ملکی معیشت میں مزید بہتری اور استحکام آئے گا، آگے چل کر عالمی ریٹنگ ایجنسیوں، سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد اور بھروسہ مزید بڑھے گا۔
Source link


















