
اسلام آباد : وزیرِداخلہ محسن نقوی نے وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے روم اور اٹلی میں ہونے والے چار ملکی وزرائے داخلہ اجلاس میں اپنی شرکت کی تفصیلات فراہم کیں۔ اس اجلاس میں پاکستان کے علاوہ اٹلی، سپین اور یونان کے وزرائے داخلہ بھی شریک ہوئے۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ پولینڈ میں ہونے والے چھ ملکی وزرائے داخلہ اجلاس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں پاکستان اور پولینڈ کے علاوہ لیٹویا، فن لینڈ، ایسٹونیا اور لیتھوانیا کے وزرائے داخلہ موجود تھے۔
دونوں اجلاسوں میں پاکستانیوں کے لیے قانونی ورک پرمٹ کے جلد اجراء پر اتفاق کیا گیا۔ رکن ممالک نے انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کارکردگی کی تعریف کی اور غیر قانونی امیگریشن میں ایک سال میں 47 فیصد کمی لانے پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔
وزیرِداخلہ نے وزیرِاعظم کو بتایا کہ پولینڈ اور اٹلی پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے جلد ویزا کی شرط ختم کردیں گے، جبکہ یورپی یونین پاکستان کی امیگریشن اور بارڈر سیکیورٹی کی استعداد کو بڑھانے کے لیے جلد ایک پلان پیش کرے گا۔وزیرِاعظم نے وزیرِداخلہ کی کاوشوں کو سراہا اور ملاقات میں ملکی داخلی اور مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔


















