
اسلام آباد: وزیراعظم کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس آج ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے قومی اقتصادی کونسل کے آج کے اہم اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ،وفاقی وزراء شرکت کریں گے۔ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں چارنکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں سالانہ پلان برائے مالی سال 24-2023 کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ سالانہ پلان برائے 25-2024 کی منظوری دی جائے گی، اجلاس میں 13 ویں پانچ سالہ منصوبے پر بھی غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں مالی سال 24-2023 کی پبلک انویسٹمنٹ کا جائزہ لیا جائے گا، مالی سال 25-2024 کی پبلک انویسٹمنٹ پر بھی غور ہوگا، اجلاس میں ایکنک کی پیشرفت رپورٹ کا جائزہ بھی لیا جائے گا، سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی اب تک کی پیشرفت رپورٹ پر بھی غور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ صدر مملکت نے 7 جون کو وزیراعظم کی سربراہی میں چاروں وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا اور صوبائی نمائندوں پر مشتمل قومی اقتصادی کونسل تشکیل دی تھی۔


















