
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران میں مقیم پاکستانی شہریوں کی محفوظ وطن واپسی کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے، اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ انہیں آذربائیجان کے راستے پاکستان منتقل کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ خطے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے باعث تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں اور ملک کے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے ضروری انتظامات کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام اور افواجِ پاکستان ملکی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ایران میں موجود پاکستانیوں کے انخلا کا عمل فوری شروع کیا جائے اور انہیں محفوظ راستے سے وطن واپس لایا جائے۔ اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ کو آذربائیجان کی حکومت سے فوری رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ حفاظتی انتظامات اور سفارتی تعاون کو یقینی بنایا جا سکے۔


















