
ویب ڈیسک: آسٹریلوی لیفٹ آرم فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے پاکستانی کرکٹ کے لیجنڈ، وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا۔ وسیم اکرم نے اپنے کیریئر میں 104 ٹیسٹ میچز میں 414 وکٹیں حاصل کی تھیں، جو کسی بھی لیفٹ آرم فاسٹ بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں تھیں۔
اب یہ ریکارڈ مچل اسٹارک کے نام ہوگیا ہے، جن کی ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی تعداد 415 ہو گئی ہے۔ اسٹارک نے یہ سنگ میل گابا میں کھیلے جا رہے دوسرے ایشیز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ہیری بروک کی وکٹ لے کر عبور کیا۔ یہ ان کی اس میچ میں تیسری وکٹ تھی۔
مچل اسٹارک نے 2011 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور اس سے قبل 101 میچز میں 412 وکٹیں حاصل کر رکھی تھیں۔ اب وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے فعال لیفٹ آرم فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس فہرست میں سری لنکا کے چمندا واس 355 وکٹوں کے ساتھ تیسرے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ 317 وکٹوں کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا کے مچل جونسن 313 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں مچل اسٹارک کے علاوہ تمام کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔


















