
اسلام آباد:بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے مسلح افواج کو “کسی بھی وقت، کسی بھی ہدف” کو نشانہ بنانے کی مکمل آزادی دے دی ہے۔
نشریاتی ادارے ٹائمز ناؤ کے مطابق بھارتی کابینہ کی سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس مسلسل جاری ہیں، جن میں پاکستان کے خلاف فوری اور حکمت عملی پر مبنی اقدامات پر غور ہو رہا ہے۔
بھارت نے پاکستانی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہے، جب کہ سرحدوں پر جدید جیمنگ سسٹمز کی تنصیب کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی دھمکی دے کر آبی وسائل کو بطور سیاسی ہتھیار استعمال کرنے کے اشارے دیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب، پاکستان نے ممکنہ بھارتی جارحیت سے نمٹنے کے لیے دفاعی تیاری مکمل کر لی ہے۔ حکام کے مطابق پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی حالیہ حکمت عملی نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ عالمی برادری سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔


















