
اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے اگلے چند دنوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق، گلگت بلتستان، کشمیر، شمالی بلوچستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں اسموگ اور چند مقامات پر دھند پڑنے کی توقع کی جا رہی ہے، جو عوامی زندگی پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا۔ سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ اسکردو اور گوپس میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ، اور قلات، دیر، بگروٹ اور گلگت میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
موسم کی یہ شدت سردیوں کے مزید گہرے ہونے کی علامت ہے، اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔


















