
لاہور : پاکستان میں طویل خشک سالی کا خاتمہ ہو گیا ہے اور مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں آج بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کی توقع کی جا رہی ہے۔ تاہم، مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند اور اسموگ کا امکان ہے جو موسم کو متاثر کر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اٹک، راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی، بھکر، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، ملتان، جھنگ، ڈی جی خان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ اسی طرح، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے علاقوں چاغی، نوشکی، واشک، پنجگور، کیچ، گوادر، قلات اور مستونگ میں بھی بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ، کوئٹہ، زیارت، ہرنائی، چمن، موسیٰ خیل اور ژوب میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔


















