
لاہور ؒ محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے مختلف حصوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے، جہاں آج کا کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں لاہور میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 17 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق 30 اپریل سے بارشوں کا ایک نیا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا، اور یکم مئی سے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بارشیں ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی آسکتی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بھی آج موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی ہے۔ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور دن کے اوقات میں یہ 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد تک پہنچ چکا ہے اور جنوب مغرب سے 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہو گی۔


















