
ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیز ہواؤں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، میانوالی، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور اور گرد و نواح میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں دن کے دوران موسم گرم اور خشک جبکہ شام میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیاگیا ہے۔ اس دوران بعض مقامات پرموسلادھار بارش اور ژالہ باری ہونے کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں دن کے دوران موسم خشک جبکہ شام یا رات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ بالائی اور وسطی اضلاع میں شدیدگرم رہنے کے ساتھ بعد از دوپہر تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، خضدار اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، کرم، باجوڑ، مہمند، اورکزئی، پشاور، ہنگو، کوہاٹ، ٹانک، کرک اورگرد و نواح میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران کشمیر میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہونے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج سے 20 اپریل تک بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے، 18 اور 19 اپریل کو جنوبی پنجاب، ساہیوال، اوکاڑہ میں جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے
پنجاب میں بھی آج سے بارش کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق اپریل کے اختتام تک گرمی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو محتاط رہنے اور موسمی حالات کے مطابق حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ زرعی ماہرین نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ فصلوں کی حفاظت کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔
Source link


















