
ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (PSL) سیزن 11 سے قبل ملتان سلطانز میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے، ٹیم انتظامیہ محمد رضوان کی جگہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے موجودہ کپتان سلمان علی آغا کو نیا کپتان بنانے پر غور کر رہی ہے۔
محمد رضوان جو کافی عرصے سے ملتان سلطانز کے کپتان تھے اُن کو ہٹائے جانے کا امکان ہے، ان کی قیادت میں ملتان سلطانز نے پی ایس ایل میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور ایک مضبوط ٹیم کے طور پر ابھر کر سامنے آئی۔
یہ کپتانی تبدیلی دراصل ملتان سلطانز میں ہونے والی وسیع پیمانے پر تنظیمی تبدیلیوں کا حصہ ہے۔ پی ایس ایل 11 کے لیے ٹیم کو براہِ راست پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) چلائے گا، کیونکہ سابقہ اونرشپ معاہدہ ختم ہو چکا ہے۔ پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ایس ایل 11 کے بعد ملتان سلطانز کو دوبارہ نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔
انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کے تحت، لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو ملتان سلطانز میں ہیڈ آف کرکٹ افیئرز بنانے کا امکان ہے۔ وہ کھلاڑیوں کے انتخاب، طویل مدتی منصوبہ بندی اور کرکٹ معاملات کی نگرانی کریں گے۔
دوسری جانب، پاکستان کے موجودہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے ملتان سلطانز کے نئے ہیڈ کوچ بننے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ عبدالرزاق، مشتاق احمد اور توقیر عمر جیسے سابق کرکٹرز کے نام بھی کوچنگ اسٹاف میں شامل کیے جانے کے لیے زیرِ غور ہیں۔
شائقین کرکٹ کے لیے یہ سیزن ملتان سلطانز کے حوالے سے خاصا دلچسپ ثابت ہو سکتا ہے۔


















