اس صدی کی ابتدائی دہائی میں بھارتی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے ٹی وی سیریلز بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی شوق سے دیکھے جاتے تھےان ٹیوی سیریلز کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے نشر کیے جانے والےکئی شوز بھی بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول تھے۔
ان شوز میں ’شاکالکا بوم بوم‘، ’سون پری‘، ’ہشش کوئی ہے‘، ’شرارت‘، ’حاتم‘ اور ’کرشمہ کا کرشمہ‘ شامل ہیں ان کی جادوئی یا دلچسپ کہانیوں نے انہیں یادگار بنا دیا۔
ان ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے بچے اب بچے نہیں رہے ہیں بلکہ جوانی کی دہلیز پار کرچکے ہیں۔اور کئی کرداروں نے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز بھی کردیا ہے جن میں شاکا لاکا بھوم بھوم کے سنجو بھی شامل ہیں جنہوں نے چند ماہ قبل شادی کرلی تھی اب اس فہرست میں کرشمہ کا کرشمہ کی کرشمہ بھی شامل ہوگئی ہیں، جنہوں نے شادی کے بعد زندگی کے نئے باب کا آغاز کر دیا ہے۔
خوبصورت آنکھوں والی کرشمہ کا اصل نام جھنک شکلا ہے وہ 12 دسمبر کو اپنے بوائے فرینڈ سوپنل سوریاونشی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
وہ مشہور ٹیلی ویژن اداکارہ سپریا شکلا کی بیٹی ہیں۔ جھنک شکلا نے ڈرامہ سیریل ’کنڈلی بھاگیہ‘ میں اپنے کردار کے لیے سب سے زیادہ شہرت حاصل کی۔
جھنک نے پہلی بار فینٹیسی ٹیلی ویژن شو ’سون پری‘ سے اپنے فنی کیریئرکا آغاز کیا لیکن شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم ’کل ہو نا ہو‘ میں پریتی زنٹا کی آن اسکرین چھوٹی بہن جیا کپور کے کردار سے شہرت حاصل کی۔
اس کے بعد اسے ’کرشمہ کا کرشمہ‘ میں پیارے ہیومنائیڈ روبوٹ کے کردار سے لازوال شہرت ملی۔
تاہم بچپن سے بے پناہ شہرت پانے کے باوجود اداکارہ نے اپنی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے اداکاری کو خیرآباد کہہ دیا اور ایم بی اے مکمل کرنے کے بعد مارکیٹنگ میں ماسٹرز بھی کیا۔ وہ پیشے کے لحاظ سے ماہر آثار قدیمہ ہیں، دوسری طرف جھانک کے شوہر سوپنل سوریاونشی مکینیکل انجینئر ہیں۔