
لاہور: لاہور میں شام سے پہلے ہی گہرے بادل چھا گئے اور شہر میں موسلا دھار بارش، تیز آندھی اور ژالہ باری شروع ہو گئی، جس سے موسم خوشگوار تو ہوا لیکن بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
لیسکو کے مطابق 170 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہو گئے۔ کوٹ رادھا کشن میں دیواریں گرنے سے دو بچوں جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔
نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ پورے شہر میں مزنگ چونگی، مال روڈ، گڑھی شاہو، ہربنس پورہ اور صحافی کالونی سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گلبرگ، جیل روڈ، گجومتہ اور رائیونڈ سمیت کئی علاقوں میں اولے بھی پڑے۔
بارش کے بعد لیسکو حکام نے متاثرہ فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔


















