
کلکتہ : بھارت میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی آمد ایک بدانتظامی کا شکار ہوگئی، جب کلکتہ میں ان کے استقبال کے دوران سٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔ اس ہنگامے کی وجہ سے میسی صرف دس منٹ کے اندر سٹیڈیم سے روانہ ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، میسی اپنے “گوٹ ٹور” (GOAT Tour) کے تحت کلکتہ پہنچے تھے، جہاں ویویکانند یووا فٹبال سٹیڈیم میں ان کی آمد کے موقع پر شدید بدنظمی پیدا ہوگئی۔ بڑی تعداد میں شائقین میسی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں موجود تھے، تاہم سخت سکیورٹی انتظامات اور پروٹوکول نے مداحوں کو مشتعل کر دیا۔ اس کے نتیجے میں شائقین نے غصے میں آکر پوسٹر ہورڈنگز توڑ ڈالیں، بوتلیں پھینکیں اور احتجاج شروع کر دیا۔
بدنظمی بڑھنے کے بعد، حفاظتی خدشات کے پیش نظر لیونل میسی اور دیگر اہم شخصیات کو محض دس منٹ میں سٹیڈیم سے نکال لیا گیا۔ اس دوران کئی مداح جو گھنٹوں سے میسی کو دیکھنے کا انتظار کر رہے تھے، شدید مایوسی کا شکار ہوگئے اور انہیں اپنے پسندیدہ فٹبالر کو دیکھنے کا موقع نہ مل سکا۔
یہ مناظر سٹیڈیم میں پیش آئے وہ نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئے، جس نے اس واقعے کو مزید اجاگر کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ 2011 کے بعد لیونل میسی کا بھارت کا پہلا دورہ تھا، اور اس سے پہلے وہ اسی سٹیڈیم میں ارجنٹینا اور وینزویلا کے درمیان کھیلے گئے ایک دوستانہ میچ کا حصہ بنے تھے۔


















