
ویب ڈیسک: ملتان میں سی پی او صادق ڈوگر اور سی ٹی او کاشف اسلم نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اسکول اور کالج کے طلباء کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے بچانے کے لیے آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے۔
سی پی او صادق ڈوگر نے بتایا کہ طلباء کو ایک ہفتے کے اندر موٹر سائیکل لائسنس بنوانے اور ہیلمٹ خریدنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک سینٹرز میں رات تک لائسنس بنانے کا عمل جاری رکھا گیا ہے تاکہ شہریوں کو سہولت مل سکے۔
سی ٹی او کاشف اسلم نے کہا کہ ٹریفک قوانین میں ترامیم کی گئی ہیں، جن کے تحت خلاف ورزی پر جرمانوں اور سزاؤں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پریشانی سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں۔
پولیس حکام نے اس مہم کا مقصد نوجوانوں کو محفوظ سفر اور بہتر ٹریفک رویوں کی طرف راغب کرنا قرار دیا۔
دریں اثنا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کم عمر طلباء کے خلاف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتاری کی ممانعت کر دی ہے۔ انہوں نے بچوں کو ہتھکڑیاں لگانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدین کو بھی ٹریفک قوانین کی پاسداری کروانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔


















