
منامہ: صدر مملکت آصف زرداری نے بحرین کے قصر القضیبہ کا دورہ کیا اور وہاں بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے ملاقات کی۔ آمد پر صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے برادرانہ تعلقات کو نئی جہت دینے پر اتفاق کیا۔ بحرین کی جانب سے صدر کو اعلیٰ ترین ایوارڈ سام الشیخ عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ من الدرجۃ الاول دیا گیا، جو دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور گراں قدر خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔
ون آن ون ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تعلقات کی اطمینان بخش نوعیت پر تبادلہ خیال کیا اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر گفتگو کی۔ صدر آصف زرداری نے بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زراعت، آئی ٹی، صحت، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو پاک،بحرین تعلقات کا اہم ستون قرار دیا گیا۔ عالمی اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اتحاد اور تحمل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
صدر مملکت نے بحرین میں مقیم ایک لاکھ 16 ہزار پاکستانیوں کیلئے سہولتیں فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر کنگ حمد یونیورسٹی اسلام آباد کو پاک-بحرین دوستی کی علامت قرار دیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا۔ شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے بھی صدر کے دورے کو دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔


















