ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگرسیاسی شخصیات نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کو 10ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے پی ایس شہدا والدین نے وزیراعظم و آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا ہے۔
شہاب الدین والد شہید محمد علی نے کہا ہے کہ 16 دسمبر ، تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کی اپیل منظوری پر وزیراعظم اور آرمی چیف کے مشکور ہیں،میں نے اپیل کی تھی کہ 16 دسمبر کو عام تعطیل یا تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا جائے،وفاق میں تعلیمی اداروں کی تعطیل کا اعلان کرنے پر وزیراعظم اور آرمی چیف کا شکریہ،صرف میں ہی نہیں اے پی ایس شہدا کے والدین بھی آپ کے مشکور ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کو دہشت گردوں نے ہمارے بچوں اور قوم کے مستقبل پر حملہ کیا، دہشت گردوں نے معصوم بچوں سمیت شہریوں کو سفاکیت سے قتل کیا۔
آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے اساتذہ اور بچوں کو نشانہ بنا کر عوام دشمنی کا ثبوت دیا، معصوم بچوں پر حملہ گھناؤنا اور انسانیت سوز جرم ہے، دہشت گردوں کا ایجنڈا ملک میں فساد اور انتشار پھیلانا ہے، پاکستانی قوم دہشت گردوں کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
سانحہ اے پی ایس: دل آج بھی خون کے آنسو رو رہا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ اے پی ایس کی برسی پر پیغام میں کہا کہ ہم بھولیں گے نہ معاف کریں گے، دل آج بھی خون کے آنسو رورہا ہے، پوری قوم ان بزدلوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم بچوں و اساتذہ کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے، آیئے ہم ایک پرامن اور محفوظ پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔
بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےسانحہِ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ اے پی ایس سانحہ ملکی تاریخ کے تاریک ترین ابواب میں سے ایک ہے۔قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہے گی اور آنے والی نسلوں کو محفوظ بنائے گی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے شہدائے اے پی ایس کی دسویں برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔سانحہ آرمی پبلک سکول کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔دس سال قبل دہشت گردوں نے ماوں کی گودیں اجاڑ کر ساری قوم کے جگر چھلنی کیے.دہشت گردوں نے معصوم۔بچوں کو نشانہ بنا کر ظلم و بربریت کاسیاہ باب رقم کیا۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کے نذرانے دینے والے سیکیورٹی فورسز کے جوان ہمارے ہیرو ہیں۔پوری قوم کو متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نےسانحہ آرمی پبلک سکول شہداء کی 10ویں برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے معصوم شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، آج کے دن دہشت گردوں نے علم و انسانیت دشمنی و سفاکیت سے ہمارے معصوموں کو شہید کر دیا،قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دس برس مکمل ہو جانے کے بعد آج بھی اس سانحہ کے زخم ہمارے دلوں میں زندہ ہیں،دس سال قبل آج کے دن صرف والدین ہی نہیں بلکہ پوری قوم کا دل زخمی کیا گیا،خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک کے عوام اے پی ایس شہداء کی ماؤں کے حوصلے اور عزم کو سلام پیش کرتی ہیں۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نےآرمی پبلک اسکول پشاور حملے کی 10ویں برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014 کا دن قومی تاریخ کا المناک اور سیاہ ترین دن ہے،یہ دن دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،سانحہ اے پی ایس نے قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کر دیا،ہم شہداء کے خاندانوں کے غم میں شریک ہیں اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
سانحہ اے پی ایس نے سبق دیا دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے: مریم نواز
سانحہ اے پی ایس کی 10ویں برسی پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کو دس سال گزر چکے لیکن زخم آج بھی تازہ ہیں ،16 دسمبر 2014 کی سیاہ صبح ہر پاکستانی کے دل پر نقش ہے، دہشت گردوں نے 147 معصوم بچوں اور ان کے اساتذہ کو سفاکیت کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ننھے طلبہ جو علم کی روشنی سے اس ملک کے مستقبل کو روشن کرنا چاہتے تھے،درندگی کی نذر ہوگئے، سانحہ 16دسمبر صرف سکول پر ہی نہیں بلکہ انسانیت، تعلیم اور پاکستان کے روشن مستقبل پر حملہ تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اے پی ایس شہداء ہماری قوم کے ہیرو ہیں، شہداء کے والدین اور اہلخانہ کا حوصلہ اور صبر قابل تحسین ہے، سانحہ اے پی ایس کے 147 شہداء کا خواب بہتر پاکستان تھا، ہماری ذمہ داری ہے اسے حقیقت میں بدلیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر کے ہی دم لیں گے.
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور
سانحہ آرمی پبلک سکول کی دسویں برسی کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور کا دلخراش واقعہ ملکی تاریخ کا نہایت اندوہناک سانحہ ہے، اے پی ایس کا سانحہ ناقابل فراموش ہے جس نے ہر ایک آنکھ کو اشکبار کیا،اس اندوہناک سانحے نے ملک میں دیر پا امن کی بنیاد رکھی۔شہدائے اے پی ایس کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ آج کا دن ہمیں اس المیہ کی یاد دلاتا ہے جب انسانیت کے دشمنوں نے ننھے اور معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کیا،اس سانحے کے بعد سیاسی اور عسکری قیادت نے مل بیٹھ کر نیشنل ایکشن پلان بنایا جو پرامن پاکستان کی طرف درست اور بروقت اقدام ثابت ہوا، شہدائے اے پی ایس نے قربانی کی ایک ایسی داستان رقم کی جو کبھی فراموش نہیں کی جا سکےگی، پوری قوم شہدائے اے پی ایس کے خاندانوں کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے 10 سال مکمل ہونے پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہِ اے پی ایس کے معصوم شہداء اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، اس سانحہ نے دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو متحد کیا،دہشت گردی کے عفریت کو اپنے سیکورٹی فورسز اور عوام کے تعاون سے انشاء اللہ ختم کرینگے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاہے کہ 16 دسمبر کو ہمیشہ ملک کے سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا،شہدائے اے پی ایس کا درد آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔
راجہ پرویز اشرف
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نےآرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے پی ایس کے شہداء کی قربانیاں قومی تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہیں،16 دسمبر 2014 کا واقعہ ہماری تاریخ کا ایک دردناک دن ہے، اے پی ایس کے معصوم ہیروز کی قربانیوں نے ہمیں یہ پیغام دیا کہ تعلیم ہی دہشتگردی کے خاتمے کا سب سے مضبوط ہتھیار ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ معصوم شہداء کے والدین کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتا ہوں،نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرکے آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکتا ہے،پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہے،دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آخری دہشت گرد کے انجام تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور
سانحہ اے پی ایس پشاور کے 10 سال مکمل ہونے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پنجاب پولیس سانحہ اے پی ایس پشاور میں جام شہادت نوش کرنے والے اساتذہ، طلبا و طالبات سمیت تمام شہدا کو سلام پیش کرتی ہے،شہدا اے پی ایس کے خاندانوں کے عزم و حوصلے کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، پنجاب پولیس سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دے گی،خوارجی دہشت گردوں، شدت پسندوں، دہشت گردی میں ملوث عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔
خورشید احمد شاہ
خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ 16دسمبر 2014 کا اندوہناک واقعہ دہشت گردوں کی درندگی اور سفاکی کی یاد دلاتا رہے گا،دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی امن اور ترقی کی ضمانت ہے۔ہم بحثیت قوم معصوم بچوں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔پورے قوم آج بھی معصوم بچوں کے والدین کے غم میں شریک ہے۔دہشت گردوں کا مذہب، انسانیت اور معاشرت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
مرکزی ترجمان پی پی پی شازیہ مری
شازیہ مری نے سانحہِ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم ثابت قدم رہی،واقعہ نے قوم کے ضمیر کو جھنجوڑ کر رکھ دیا اور ہمیں دہشتگردی کے ناسور کے خلاف متحد کیا،سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور نے ہمارے ارادوں کو مضبوط کیا،شہید طلبہ اور اسٹاف ممبرز کے اہل خانہ کے حوصلے اور بہادری کو بھی سلام ہے۔
شرجیل انعام میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نےسانحہ اے پی ایس پشاور کی 10ویں برسی کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ 16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا وہ سیاہ دن جو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا، 16 دسمبر 2014 ہمارے دلوں پر ناقابل تصور دکھ کے دن کے طورپر نقش ہے، اے پی ایس کے والدین، اساتذہ اور طلباء کی ہمت ہمیں ظلم کے خلاف لڑنے کا حوصلہ دیتی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں اور آنے والی نسلوں کے پرامن اور محفوظ مستقبل کیلئے انتھک محنت جاری رکھنی ہوگی۔
چیر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینٹر روبینہ خالد
چیر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینٹر روبینہ خالد نے سانحہ اے پی ایس پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہید طلبہ، اساتذہ اور اسٹاف ممبران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،سینیٹر روبینہ خالد کا سانحہ اے پی ایس کے شہداء کے اہلخانہ کو صبر و بہادری پر خراج تحسین پیش کیا۔
مسالک علماء بورڈ
کل مسالک علماء بورڈ کے زیر اہتمام پشاور آرمی پبلک سکول کے شہدا کے لئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا, مدرسہ جامع مسجد کبری نیوسمن آباد لاہور میں مدارس کے طلباء نے آرمی کے شہید طلباء کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔شہداء کی یاد میں شمع روشن کی گئی ۔چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم نے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور دعا کروائی۔
اس موقع پر چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم نے کہاکہ 16 دسمبر کو سانحہ پشاور کے زخم تازہ ہوجاتے ہیں۔دہشت گردوں اور خونخوار درندوں نے ہمیں نہ بھولنے والا زخم دیا ہے۔شہدا پشاور قومی ہیروز ہیں۔شہدا کے خون سے ہمیشہ انقلاب آیا۔اللہ کریم شہداء کے والدین کو صبر جمیل نصیب فرمائے۔
Source link