
بولاوائیو: آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 58 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس شکست کے ساتھ ہی قومی ٹیم کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا اور وہ ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔
بھارت کی جانب سے دیے گئے 253 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 194 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عثمان خان نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ حمزہ ظہور 42 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ ان دو کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بھارتی بولنگ اٹیک کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا، جس کی وجہ سے قومی ٹیم کو اہم ترین میچ میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔بولاوائیو میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت نے مقررہ اوورز میں پاکستان کو جیت کے لیے 253 رنز کا ہدف دیا۔ عبدالسبحان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد صیام نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ علی حسن بلوچ، احمد حسین، مومن قمر اور علی رضا نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔


















