کراچی: سونے کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 6600 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 49 ہزار 400 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 5659 روپے کے اضافے کے بعد 2 لاکھ 99 ہزار 554 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ادھر عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں تیزی کا رجحان جاری ہے۔ عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں 66 ڈالر فی اونس اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد بین الاقوامی مارکیٹ میں سونا 3310 ڈالر فی اونس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، افراطِ زر اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔ ملک میں روپے کی قدر میں کمی بھی اس رجحان کو مزید تقویت دے رہی ہے۔