
کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے اور سندھ حکومت صحت کے شعبے کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے اسپتالوں میں صحت کی سہولتیں بڑھائی جا رہی ہیں اور سندھ میں دل کے علاج کا سب سے بڑا نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر، مٹھی، سیہون اور شہید بے نظیرآباد میں این آئی سی وی ڈی کے ادارے موجود ہیں جبکہ کراچی کے ہر ضلع میں چیسٹ پین یونٹس کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں عالمی معیار کے مطابق علاج فراہم کیا جائے گا اور پیپلز پارٹی شہریوں کو مفت اور معیاری علاج فراہم کر رہی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے بتایا کہ سائبر نائف کا مہنگا ترین علاج بھی کراچی میں مفت دستیاب ہے اور ماں و بچے کی صحت کے لیے بہترین اقدامات کیے گئے ہیں جس سے بچوں کی شرح اموات میں کمی واقع ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد سندھ میں صحت کے شعبے میں بہت ترقی ہوئی اور پیپلز پارٹی نے صحت کے شعبے میں عالمی معیار کے علاج کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا کردار مؤثر بنایا۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ دل کے علاج کے حوالے سے سندھ ملک میں سب سے آگے ہے اور کورونا کے دنوں میں عالمی سطح کی بڑی بیماریوں کا علاج کرنے میں کامیابی حاصل کی گئی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے صوبے کی مالی خودمختاری پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیلز ٹیکس کی وصولی صوبے کے پاس آنے کے بعد سندھ نے ریکارڈ توڑ کارکردگی دکھائی ہے اور وفاق کے لیے مزید ٹیکس جمع کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ وفاق سے بہتر ادارے چلا سکتا ہے اور مزید ذمہ داریاں لینے کے لیے تیار ہے۔


















