
(ویب ڈیسک) سعودی عرب میں کام کرنے والے غیر ملکی کارکنوں سے متعلق ایک بڑا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
سعودی ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی صدارت میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں صنعتی شعبے سے وابستہ غیر ملکی ملازمین کی اقامہ فیس ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ کونسل برائے اقتصادی و ترقیاتی امور کی سفارش پر کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد قومی صنعت کو مزید مضبوط بنانا اور عالمی سطح پر اس کی مسابقت اور پائیداری کو بڑھانا ہے۔
صنعتی شعبے میں غیر ملکی کارکنوں پر عائد فیس کا خاتمہ وژن 2030 کے اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم اسٹریٹجک قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
وژن 2030 کے تحت سعودی عرب ایک مضبوط، لچکدار اور متنوع معیشت کی تشکیل چاہتا ہے، جس میں صنعتی شعبے کو تیل کے علاوہ قومی آمدنی کا ایک بنیادی ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔


















