
ویب ڈیسک: آرٹن کیپیٹل کی جانب سے جاری کردہ 2025 کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا پاسپورٹ مسلسل ساتویں سال سرفہرست رہا۔ یو اے ای کے پاسپورٹ کے حامل شہری 179 ممالک کا ویزا کے بغیر سفر کر سکتے ہیں۔
یو اے ای کا پاسپورٹ دیگر اہم ممالک کی نسبت اپنی طاقت کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے، خاص طور پر اُس وقت جب زیادہ تر ممالک کے پاسپورٹس کی طاقت میں کمی آئی ہے۔ یو اے ای کی مستحکم معیشت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول نے اس کے پاسپورٹ کی طاقت کو مزید مستحکم کیا ہے۔
فہرست میں دوسرے نمبر پر سنگاپور اور اسپین کا پاسپورٹ مشترکہ طور پر ہیں، جن کے شہری 175 ممالک کا ویزا کے بغیر سفر کر سکتے ہیں۔
تیسرے نمبر پر سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، جرمنی، سویڈن اور دیگر کئی ممالک کے پاسپورٹس ہیں، جن کے حامل افراد 174 ممالک کا ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔
پاکستان کا پاسپورٹ اس فہرست میں کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل ہے اور یہ 91 ویں نمبر پر ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد صرف 45 ممالک کا ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ اس فہرست میں عراق، شام اور افغانستان بھی شامل ہیں۔
اس کے مقابلے میں یمن، بنگلہ دیش، شمالی کوریا اور فلسطین کے پاسپورٹس پاکستان سے زیادہ طاقتور قرار پائے ہیں۔


















