
ویب ڈیسک: ایئر لائن فلائی دبئی ( flydubai) نے خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال کے باعث جمعہ 9 جنوری 2026 کو ایران کے لیے اپنی تمام شیڈول پروازیں منسوخ کر دی ہیں، ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے اس فیصلے کی تصدیق کردی گئی۔
دبئی ایئر لائن کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ جن مسافروں نے ٹکٹس کروائیں تھیں اُن سے رابطہ کیا جارہا ہے،حالات کے مطابق فلائٹ شیڈول میں تبدیلی کی جائے گی۔
اگرچہ متحدہ عرب امارات سے ایران جانے والی پروازوں کی منسوخی کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم ایران اس وقت گزشتہ کئی برسوں کی سب سے بڑی احتجاجی لہر کا سامنا کر رہا ہے۔
یہ مظاہرے ملک کے تمام 31 صوبوں میں پھیل چکے ہیں، جن میں تہران، اصفہان، شیراز اور مشہد جیسے بڑے شہر بھی شامل ہیں۔
یہ احتجاج دسمبر کے آخر میں شروع ہوئے تھے اور نئے سال 2026 کے آغاز کے بعد بھی جاری ہیں، ایران کی معیشت سخت بین الاقوامی پابندیوں کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے۔
ابتدا میں مظاہرے معاشی مسائل کی وجہ سے شروع ہوئے، جن میں خوراک، ادویات اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ، شدید مہنگائی اور ایرانی کرنسی کی قدر میں نمایاں کمی شامل ہے۔
ایرانی حکومت نے ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورکس بند کر دیے ہیں، جس کے باعث عوامی رابطے اور معلومات کی ترسیل بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
ایران کے لیے پروازوں کی منسوخی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے کی دیگر ایئر لائنز بھی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر ایران آنے اور جانے والی پروازوں پر نظرثانی کر رہی ہیں۔


















