
وزیر اعظم نے پٹرول 10.20روپے سستا کرنے کا اعلان کر دیا اور صنعتوں کیلئے بجلی 10روپے سستی کردی، وزیراعظم شہباز شریف نے صنعت اور برآمدات میں بڑے اضافے کیلئے تاریخی قدم اٹھایا ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے صنعتوں کیلئے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا، صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں 10 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کردی۔ نیپرا نے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں 10روپے69 پیسے فی یونٹ کمی تجویز کی تھی جسے وزیراعظم نے منظور کرلیا۔صنعتوں کیلئے بجلی کی اوسط قیمت 34روپے 99پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔حالیہ کمی سے صنعتوں کو 200ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔
وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ بجلی سستی ہونے سے ہماری صنعتیں عالمی مارکیٹ کا مقابلہ کرسکیں گے۔ اس پیکج سےصنعتی ترقی کی رفتار مزید تیز ہو گی۔ روزگار میں اضافہ ہوگا اور صنعتوں کے پہیے کی رفتار تیزاور برآمدات میں اضافے سےملکی معیشت کو فائدہ ہوگا۔ وزیراعظم نے صنعت اور برآمدات میں بڑے اضافے کے لیے اہم اقدام کیے ہیں۔
دوسری جانب پٹرول 10روپے 20پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا۔ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
حالیہ کمی کےبعد پٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 16 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ ڈیزل کی نئی قیمت 267 روپے 89 پیسے فی لیٹر مقررکردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یکم جون کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے کمی کی تھی۔ یوں 15دنوں میں پٹرول تقریبا 15روپے فی لیٹر سستا ہوا ہے۔وزیراعظم آفس کا کہناہے کہ موجود ہ حکومت نے اب تک پٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 35روپے کمی کی ہے۔


















