
اسلام آباد:وزیرِ اعظم پاکستان نے چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو اسلامی اور خلیجی ممالک کے ساتھ ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا ہے۔
عالمِ اسلام کے موجودہ حالات اور خلیجی خطے کی حساس صورتحال کے پیش نظر یہ تقرری اہم سمجھی جا رہی ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اس سے قبل بھی بطور نمائندۂ خصوصی خدمات انجام دے چکے ہیں اور موجودہ ذمہ داری میں تعلقات کے استحکام اور بہتری میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر چکے ہیں۔ وہ رابطہ عالمِ اسلامی کی سپریم کونسل کے رکن ہونے کے ساتھ ساتھ متعدد عالمی اور اسلامی تنظیموں سے وابستہ ہیں اور کئی اہم اسلامی و عرب شخصیات کے ساتھ قریبی روابط رکھتے ہیں۔


















