
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ شروع ہونے کی کوئی بات نہیں کی، تاہم خطرے کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
انٹرویو میں خواجہ آصف نے واضح کیا کہ ان کے بیان کا غلط مطلب لیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوال کے جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ اگلے دو سے تین دن انتہائی اہم ہیں، جنگ چھڑنے کی کوئی بات نہیں کی گئی۔
وزیر دفاع نے بتایا کہ بھارت کی طرف سے ہماری غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش پر کوئی جواب نہیں آیا۔ انہوں نے بھارت کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا
خواجہ آصف نے کہا کہ دونوں ممالک کی سرحدوں پر افواج الرٹ ہیں اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج ہر طرح کی صورت حال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے عالمی فورمز پر بھارت کے پہلگام واقعے پر لگائے گئے الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کی پیشکش کا اعادہ بھی کیا۔


















