
اسلام آباد: برادر اسلامی ملک ترکیہ نے پاکستان میں جنگی ڈرونز تیار کرنے کی فیکٹری قائم کرنے کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، ترکیہ پاکستان کو اپنے ففتھ جنریشن لڑاکا طیاروں کے پروگرام میں بھی شامل کرنے کا خواہشمند ہے، جس کے تحت سٹیلتھ اور طویل فاصلے تک پرواز کرنے والے ڈرونز کے پرزے پاکستان کو برآمد کیے جائیں گے، جہاں انہیں جوڑا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق، اس مشترکہ منصوبے کے تحت ترکیہ نے پاکستان کے ساتھ مختلف دفاعی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کا ارادہ کیا ہے۔ ان میں جنگی جہازوں کی تیاری کا پروگرام بھی شامل ہے، جس کے تحت ترکیہ پاکستانی بحریہ کے لیے جنگی جہاز تیار کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ، ترکیہ نے پاکستان کے درجنوں ایف 16 لڑاکا طیاروں کو بھی اپ گریڈ کیا ہے۔


















