
اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت نے ایک مرتبہ پھر بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور ہر دہشت گرد حملے کی بھرپور مذمت کی ہے، یہاں تک کہ پہلگام واقعے کی بھی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے الزامات پرانے، بے بنیاد اور داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کا خواہاں رہا ہے لیکن بھارت نے ہر بار بات چیت کی پیشکش کو مسترد کیا۔
پی پی پی چیئرمین نے سندھ طاس معاہدے سے بھارت کی یکطرفہ دستبرداری پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ قدم عالمی برادری کے لیے باعثِ تشویش ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی بھی سخت مذمت کی اور کہا کہ وہاں کے عوام کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھارت کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے کیونکہ موجودہ روش خطے میں کشیدگی بڑھا رہی ہے۔


















