
اسلام آباد: وزیر مملکت طلال چودھری نے بلوچستان کی صورتحال اور سکیورٹی آپریشنز پر اہم گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جبکہ بھارتی میڈیا نے مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے من گھڑت ویڈیوز پھیلا کر گمراہ کن پروپیگنڈا کیا۔
وزیر مملکت نے انکشاف کیا کہ دہشت گردوں نے بلوچستان میں سافٹ ٹارگٹس بشمول سکول، ہسپتال، بینک اور بازاروں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا دہشت گردوں نے کارروائی کے دوران خواتین اور بچوں کو ڈھال بنایا ہوا تھا، جس کے باعث سکیورٹی فورسز نے انتہائی محتاط انداز میں آپریشن کیا۔ فورسز نے دہشت گردوں کا تعاقب کر کے انہیں جہنم واصل کیا۔ ان بزدلوں میں اتنی ہمت نہیں تھی کہ سکیورٹی فورسز کا آمنا سامنا کر سکیں۔ بھارتی چینلز پر ایسی کمنٹری کی گئی جیسے کوئی براہِ راست میچ چل رہا ہو، اور پروپیگنڈے کے لیے AI سے بنی جعلی ویڈیوز کا سہارا لیا گیا۔
طلال چودھری نے کے پی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے تیراہ میں سیاسی مقاصد کے لیے فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کے پی حکومت نے متاثرین کے لیے مختص 4 ارب روپے میں خورد برد کی۔ کوہستان اسکینڈل کی طرح تیراہ متاثرین کے پیسوں پر بھی ڈاکا مارا گیا اور رقم حقداروں تک نہیں پہنچی۔ جرگہ عمائدین بھی چاہتے ہیں کہ تیراہ سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا ہو، انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے ان سے صرف جھوٹے وعدے کیے۔
وزیر مملکت نے واضح کیا کہ بی ایل اے (BLA) حقوق کے نام پر دہشت گردی کر رہی ہے، اسی لیے اسے دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ وفاقی حکومت اور فوج صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔


















