
(ویب ڈیسک )بھارتی ایئر لائن ایئر انڈیا ایکسپریس کے ایک پائلٹ نے دہلی ایئرپورٹ پر مسافر کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ متاثرہ مسافر کے چہرے پر کئی زخم آئے ہیں ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئر انڈیا ایکسپریس کے پائلٹ، کیپٹن وریندر سیجوال، نے بورڈنگ کے دوران قطار توڑنے کے معاملے پر ایک مسافر پر تشدد کیا۔ متاثرہ شخص کی شناخت انکت دیوان کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
انکت دیوان کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ عملے نے ان کے بچے کی موجودگی کے باعث انہیں اسٹاف اور پی آر ایم (جسمانی طور پر محدود نقل و حرکت رکھنے والے افراد) کے لیے مختص سکیورٹی راستے سے گزرنے کی ہدایت دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسی دوران چند افراد قطار توڑ کر آگے جانے لگے، جس پر انہوں نے اعتراض کیا۔ اس موقع پر ایئر انڈیا ایکسپریس کے پائلٹ، جو خود بھی اسی راستے سے گزر رہے تھے، ان سے تلخ کلامی کرنے لگے۔
دیوان نے الزام عائد کیا کہ پائلٹ نے نہ صرف ان کی تعلیمی اہلیت پر سوال اٹھایا بلکہ بدتمیزی کے بعد ان پر تشدد بھی کیا، جس کے نتیجے میں ان کے چہرے پر متعدد زخم آئے۔


















