
راولپنڈی:بنگلہ دیش کے ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور تربیت کو فروغ دینے پر زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر ایئر چیف نے صدر این ڈی یو لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار سے ملاقات کی۔ مارشل حسن محمود خان نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس 2010/11 کے سابق طالب علم بھی ہیں۔ ملاقات میں عسکری تعاون، پیشہ ورانہ تعلیم اور مشترکہ تربیت کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل، بنگلہ دیش کے ایئر چیف نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی اور علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ مزید برآں، انہوں نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور اور بدلتے ہوئے علاقائی سکیورٹی منظرنامے پر بات چیت کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق، یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔


















