
لاہور:وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ذہنی مریض ہیں اور پارٹی دشمن عناصر کے آلہ کار بن گئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈے میں ملوث ہیں اور بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھارتی میڈیا پر پاکستان اور فوج کے خلاف بیانات دیتی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں کشمیر اور فلسطین کے مسائل پس پشت ڈالے گئے اور خیبرپختونخوا میں 12 سال سے اقتدار میں رہنے کے باوجود کوئی بنیادی ترقیاتی منصوبہ یا اسپتال قائم نہیں کیا گیا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کی دفاعی قوت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مضبوط رہی اور بھارت کے سات طیارے مار گرائے گئے، جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے بھارت کے خلاف کوئی موثر موقف نہیں اپنایا۔
وفاقی وزیر نے مسلم لیگ ن کی کارکردگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں فرانزک لیب اور دیگر اہم منصوبے مکمل کیے گئے، ملک کے ہر بڑے منصوبے پر نواز شریف کی تختی لگی ہوئی ہے، اور انتخابی وعدے عوام کی خدمت کے لیے پورے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پشاور میں تحریک انصاف کے جلسے کو عوام نے مسترد کیا۔
عطا تارڑ نے الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کی میگا کرپشن کی اور ہسپتال و فلاحی منصوبوں کے فنڈز میں بدعنوانی کی گئی۔
وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی مسلم لیگ ن کی ترجیح ہے اور عوام کو حقیقی خدمت فراہم کرنے کے لیے کام جاری ہے۔


















