
(ویب ڈیسک ) ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے یورپی ممالک کی افواج کو ’دہشتگرد گروہ‘ قرار دیدیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سے ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کے جواب میں آیا ہے۔
پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ارکان نے پاسداران انقلاب سے اظہار یکجہتی کیلئے ان کی سبز وردیاں پہن رکھی تھی۔اراکین نے اجلاس میں ’امریکا مردہ باد‘، ’اسرائیل مردہ باد‘ اور ’یورپ شرم کرو‘ کے نعرے لگائے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے یورپی یونین کے فیصلے کو ’غیر ذمہ دارانہ اقدام‘ قرار دیا اور کہا کہ ’ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے خلاف جوابی اقدامات سے متعلق قانون کے آرٹیکل 7 کے تحت یورپی ممالک کی افواج کو دہشت گرد گروہ تصور کیا جائے گا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی یورپی ممالک کے فوجی اتاشیوں کو ملک بدر کرنے کے معاملے پر غور کرے گی اور اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ سے رابطہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ یہ قانون پہلی مرتبہ 2019 میں منظور کیا گیا تھا جب امریکا نے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔


















