
کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ انسانی حقوق جمہوریت کی اصل روح ہیں اور ہمیں انہیں عملی طور پر تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف تک حقیقی رسائی میں تبدیل کرنا ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انسانی حقوق ہر فرد کو صرف انسان ہونے کے ناطے حاصل ہوتے ہیں، نہ کہ کسی طاقت یا مراعات کی بنیاد پر۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کو شہری آزادیوں کے محافظ بننا ہوگا اور معاشرے میں ہر قسم کے امتیاز کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں ایک جامع معاشرتی و معاشی ماحول کی ضرورت ہے، جہاں قانون کی حکمرانی مضبوط ہو، شہری آزادیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور کوئی بھی شخص پیچھے نہ رہ جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق کی بنیاد پر ایک انسان دوست پاکستان کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، ایک ایسا معاشرہ جہاں خواتین، بچے، اقلیتیں، خصوصی افراد، مزدور اور تمام کمزور طبقات کو وقار، تحفظ اور برابری کے مواقع میسر ہوں۔


















