
ویب ڈیسک: ایران پر اسرائیل کے حالیہ حملوں کے بعد ایرانی وزیر دفاع امیر نصیر زادہ اور پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ محمد پاکپور کی شہادت کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں دونوں اعلیٰ عسکری عہدیدار جاں بحق ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق یہ دعویٰ اسرائیلی فوجی کارروائیوں سے آگاہ دو ذرائع اور ایک علاقائی ذریعے نے کیا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران میں مختلف مقامات پر حملے کیے گئے، جن میں پاسدارانِ انقلاب کے متعدد سینئر کمانڈرز اور سیاسی شخصیات کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسے “آپریشن وعدہ صادق 4” کا نام دیا ہے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران خطے میں موجود متعدد امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں بحرین میں تعینات امریکی بحریہ کا ففتھ فلیٹ بھی شامل ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات میں قائم امریکی اڈوں کے علاوہ اسرائیل کے مرکزی علاقوں میں واقع فوجی اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب نے عندیہ دیا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملے جاری رہیں گے۔
خطے میں جاری اس کشیدگی کے باعث صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے تحمل اور سفارتی حل پر زور دیا جا رہا ہے۔


















